ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بول پور میں ممتا کی للکار، بھاجپا کو 30 سیٹ جیتنے کا چیلنج جس کے دل میں گاندھی جی کا وقار نہ ہو، وہ سونار بنگلہ کیا بنائیں گے: ممتا بنرجی

بول پور میں ممتا کی للکار، بھاجپا کو 30 سیٹ جیتنے کا چیلنج جس کے دل میں گاندھی جی کا وقار نہ ہو، وہ سونار بنگلہ کیا بنائیں گے: ممتا بنرجی

Tue, 29 Dec 2020 19:54:46    S.O. News Service

کولکاتہ ، 29دسمبر (آئی این ایس انڈیا)اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل بنگال میں بی جے پی اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے درمیان تصادم بڑھتا ہی جارہا ہے۔

بول پور میں جہاں کچھ دن قبل مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے روڈ شو کرکے 5 سال میں سونار بنگلہ بنانے کا دعوی کیا تھا،وہیں آج ممتا بنرجی نے پدیاترانکال کر مخالفین کے حواس باختہ کردیئے ہیں۔ دیدی ممتا بنرجی نے منگل کے روز پد یاترا کے بعد کہا کہ کچھ ایم ایل اے  کے پارٹی سے ترک تعلق سے کوئی فرق نہیں پڑتا، کیونکہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کچھ ایم ایل اے خرید نے کی ”قوت“ رکھتی ہے، تاہم ترنمول ایسا نہیں کرسکتی۔

ممتابنرجی نے بی جے پی کو چیلنج کیا کہ بی جے پی بنگال میں 30 سیٹ کر  دکھائے، 294 سیٹوں کا خواب چھوڑ دے۔ انہوں نے بیر بھوم کے بول پور میں بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بنگال کا کلچر اور اس کی ثقافت ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہے،بی جے پی کو تشدد اور فرقہ وارانہ سیاست چھوڑ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جو مہاتما گاندھی اور ملک کے عظیم لوگوں کا احترام نہیں کرتے،وہ کیا سونار بنگلہ بناسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تکلیف ہوتی ہے کہ جب میں یہ دیکھتی ہوں کہ وشوا بھارتی یونیورسٹی میں فرقہ وارانہ سیاست کا احیا ء کیا جارہا ہے۔ وشو بھارتی کے وائس چانسلر بی جے پی کے ایک کارکن ہیں، وہ فرقہ وارانہ سیاست کر رہے ہیں، اس یونیورسٹی کی زریں تاریخ تاریک ہوتی جارہی ہے۔

انہوں نے بی جے پی کو بیرونی لوگوں کی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوبل انعام یافتہ رابندر ناتھ ٹیگور کی زمین پر نفرت کی سیاست کبھی نہیں جیت سکتی۔ سیکولرزم کے نام پر فرقہ وارانہ سیاست کرنے والوں کو یہاں کے لوگ کبھی بھی جیتنے نہیں دیں گے۔


Share: